بھٹکل 17 جون (ایس او نیوز) 200 یونٹ تک گھریلو مقاصد کے لیے مفت بجلی حاصل کرنے والی گروہا جیوتی اسکیم کے لیے رجسٹریشن کا عمل کل 18 جون سے شروع ہورہاہے۔بتایا گیا ہے کہ اسکیم کے لئے https://sevasindhu.karnataka.gov.in پورٹل پرتفصیلات درج کرنا ہوگا۔ موبائل فون/کمپیوٹر/لیپ ٹاپ سے بھی اس تک رسائی حاصل کی جا سکتی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ مستفید ہونے والوں کو اپنے آدھار کارڈز اور بجلی بل پر درج رہنے والے کسٹمر اکاؤنٹ آئی ڈی کو اپنے ساتھ رجسٹریشن کے لیے تیار رکھنا ہوگا اس طرح رجسٹریشن کے لئے اپنا موبائل نمبر بھی درج کرنا ہوگا۔ بیان کے مطابق، رجسٹریشن 'بنگلور ون'، 'گراما ون'، 'کرناٹک ون' مراکز یا کسی بھی الیکٹری سٹی کے دفتر میں بھی جاکر کیا جا سکتا ہے۔ مزید معلومات کے لیے ہیلپ لائن سروس 1912 پر کال کرکے بھی معلومات لی جاسکتی ہے۔
"گروہا جیوتھی اسکیم کرناٹک کے ہر گھرانے کے لیے مفت بجلی فراہم کرتی ہے جس کا ماہانہ بجلی کا بل مالی سال 2022-23 میں اوسط ماہانہ 200 یونٹ سے کم ہو۔ آسان لفظوں میں کہا جائے تو ایک سال کا بجلی بل دیکھ کر اُس کاماہانہ اوسط کا حساب لگایا جائے گا اور جس گھر میں بجلی یونٹ 190 سے کم ہوا، تو اُنہیں اس اسکیم کے تحت یکم اگست سے کسی طرح کا بِل بھرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ لیکن اگر 190 یونٹ سے زیادہ بل آتا ہو تو پھر اُنہیں مکمل بل بھرنا ہوگا۔
بتایا جارہا ہے کہ اس اسکیم کے تحت کرناٹک کے تقریبا ً2.14 کروڑ گھرانوں کو فائدہ پہنچے گا۔ بتاتے چلیں کہ یہ اسکیم 1 اگست 2023 کو شروع ہونے والی ہے۔جن لوگوں کو اس اسکیم سے فائدہ ہوگا، انہیں یکم اگست (جولائی میں بجلی کے استعمال کے بل) سے 'زیرو بل' آئے گا۔
محکمہ توانائی کواُمید ہے کہ اس اسکیم کے تحت روزانہ تقریباً پانچ سے دس لاکھ درخواستیں موصول ہوگی۔